ویب ڈیسک: بنوں میں ڈی ایچ او آفس سے چوری کی گئی 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ادویات ریکور کر لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ادویات کو سرکاری گاڑی میں لاد کر رات کی تاریکی میں چوری کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر چوکیدار سے 4 لاکھ 67 ہزار 405 روپے مالیت کی ادویات برآمد ہوئیں، جبکہ بعد ازاں مزید 37 لاکھ 34 ہزار 886 روپے مالیت کی ادویات کی دوسری قسط بھی برآمد کر لی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوری کی اس واردات میں مکمل طور پر ایک منظم گروہ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
چوری کے دوران سرکاری گاڑی کا استعمال کیا گیا جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے بند کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق چوکیدار کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے، اور چوری شدہ ادویات اس سے برآمد کر لی گئی ہیں۔ اس واردات میں ملوث دو دیگر سرکاری ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کو بھیج دیا گیا ہے۔





