عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت مزید کم ہوگئی

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہ ہو سکا

اسلام آباد: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود وفاقی حکومت نے پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں محض 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، جو آئندہ پندرہ روز تک لاگو رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 256.64 روپے سے کم ہو کر 254.64 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ پٹرول کی قیمت 252.65 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل جیسی ڈی ریگولیٹڈ مصنوعات کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی کی گئی ہے، جن کا عموماً سرکاری اعلامیے میں ذکر نہیں ہوتا، تاہم اس بار عوامی ردعمل کے پیش نظر حکومت نے ان کی تفصیلات بھی شامل کی ہیں۔

مٹی کے تیل کی قیمت 169.69 روپے سے کم ہو کر 164.65 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 155.33 روپے سے کم ہو کر 150.65 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے اس جزوی کمی پر مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے، کیونکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے اس کا مکمل فائدہ صارفین تک منتقل نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے فی لیٹر سستا، پیٹرول کی قیمت برقرار

دوسری جانب تیل کمپنیوں اور ڈیلرز کے منافع مارجن میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے عوامی و سیاسی سطح پر تنقید میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top