اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر رجسٹرڈ اور کلون موبائل فونز کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق یہ غیر قانونی ڈیوائسز سائبر کرائمز اور مالیاتی فراڈ جیسے جرائم میں تیزی سے استعمال ہو رہی ہیں۔
پی ٹی اے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کے خلاف مشترکہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ترجمان کے مطابق جعلی، کلون اور جے وی (جعلی برانڈ) موبائل فونز کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے، اور اس کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ سائبر کرائم ایکٹ 2016 کے تحت ایسی غیر قانونی ڈیوائسز کا استعمال قابل سزا جرم ہے۔ غیر رجسٹرڈ فونز استعمال کرنے یا فروخت کرنے والے افراد کو نہ صرف گرفتار کیا جائے گا بلکہ ان کے فون بھی ضبط کر لیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان چینی ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہرمحاذ پرکامیاب، امریکی سینیٹرکا اعتراف
پی ٹی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی ڈیوائسز خریدنے سے گریز کریں جوDIRBS (Device Identification Registration and Blocking System) کے تحت رجسٹر نہ ہوں۔ عوام سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ غیر قانونی موبائل فونز کی خرید و فروخت سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں تاکہ ملک میں سائبر جرائم اور سیکیورٹی خطرات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔





