وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یومِ تشکر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 مئی کا دن ہماری قومی غیرت، پیشہ ورانہ مہارت اور عسکری وقار کا مظہر بن کر ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دے کر اس کی اوقات یاد دلا دی، دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ وار کیا لیکن ہمارے شاہینوں نے دن کی روشنی میں اسے ایسے تارے دکھائے کہ وہ آئندہ جارحیت کا سوچنے سے بھی ڈرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص ہماری سنہری تاریخ کا روشن باب ہے جس میں پاک فضائیہ کے جانبازوں نے دشمن کے پانچ طیارے مار گرا کر تاریخ رقم کی۔
چودھری انوارالحق نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں اگر ریاست کی سالمیت پر آنچ آئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے غرور کو خاک میں ملا کر قوم نے اتحاد، غیرت اور جرات کی نئی مثال قائم کی، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے ثابت کر دیا کہ پاکستان خطے میں اپنی سلامتی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ یہ جنگ صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ قومی وقار اور امن کی بقا کی جنگ تھی جس میں ہم سرخرو ہوئے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے شہدا کو خراجِ عقیدت اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن یومِ تشکر کے ساتھ ساتھ یومِ عزم بھی ہے ہم ان شاء اللہ تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچا کر تحریک تکمیل پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر کریں گے۔





