فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے بالخصوص علاقائی سیکیورٹی صورتحال تفصیلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول باہمی فوجی تعاون کو فروغ، بارڈر پر سیکیورٹی میکانزم کو بہتر بنانے اور سرحدی علاقوں کو تجارتی اور اقتصادی رابطوں کے زونز میں تبدیل کرنے امور پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ دونوں جانب سے اتفاق رائے پایا گیا کہ ان اقدامات سے علاقائی استحکام اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز تہران آمد پر ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا، ایرانی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایرانی قیادت، جن میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزیشکیان شامل ہیں، سے ملاقاتیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد سمیت خیبرپختونخواکےمختلف علاقوں میں شدید آندھی اور طوفان، معمولات زندگی درہم برہم
واضح رہے فیلڈ مارشل عاصم منیر وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ترکی، ایران اور آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں ۔





