سوات،مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق

سوات کی تحصیل منگلور کے علاقے سنگر میں بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 15 سالہ ریما دختر فضل وہاب اور 8 سالہ مصطفیٰ ولد فضل وہاب موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک اور بچہ زخمی ہوا جسے فوری طور پر سیدو شریف اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بروقت امدادی کارروائیاں انجام دیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے خستہ حال اور کچے مکانات کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top