پشاور(شاہد جان )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں اختلاف شدت اختیار کر گئے،پارٹی رہنماؤں کا ایک دوسری پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے نام نہ لیتے ہوئے شیخ وقاص اکرم اور بیرسٹر سیف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک مولانا صاحب کھل کر صوبے میں اپوزیشن کے ساتھ جانے کی بات نہ کرے اس سے پہلے پی ٹی آئی کی طرف سے ان کے خلاف باتیں کرنے سے اسٹیبلشمنٹ کا تو فائدہ ہوسکتا ہے،عمران خان اور پی ٹی آئی کی خدمت نہیں ہوسکتی۔
ایکس پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ کسی کے کہنے پر پی ٹی آئی اور عمران خان کو اکیلے کریں، عمران خان نے خود مولانا سے رابطے کا کہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا
اس قبل آج مردان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیریسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جنید اکبر کچھ پریشان ہیں اور اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے، وہ کام نہیں کرپارہے تو الزامات لگارہے ہیں، انکو مشورہ یہ ہے کہ اس مشکل وقت میں اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ پارٹی قیادت کے اہل نہیں تو گھر بیٹھ جائیں اور کسی اہل شخص کو موقع دیں۔





