علیمہ خانم نے پارٹی میں انتشار پھیلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، شیر افضل مروت

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے عمران خان کی بہن علیمہ خان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پارٹی میں دانستہ طور پر اختلافات پیدا کیے اور پارٹی فنڈز میں کرپشن میں ملوث ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں شیر افضل مروت نے کہا کہ علیمہ خان کے بیٹے پر وہی قانونی چارجز ہیں جو حسان نیازی پر ہیں، مگر حسان نیازی جیل میں ہے جبکہ علیمہ خان کا بیٹا آزاد گھوم رہا ہے۔ انہوں نے علیمہ خان سے وضاحت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوہرا معیار ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ علیمہ خان نے کبھی علی امین گنڈاپور، کبھی بیرسٹر سیف اور کبھی دوسرے رہنماؤں کے ذریعے پارٹی میں انتشار پھیلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2024 میں ایک ملاقات کے دوران علیمہ خان نے اعتراف کیا کہ اگر بانی چیئرمین کو کچھ ہو گیا تو پارٹی بشریٰ بی بی کے ہاتھ میں چلی جائے گی۔

شیر افضل نے مزید دعویٰ کیا کہ 26 نومبر کے واقعے کے بعد ایک ایپ کے ذریعے 36 کروڑ روپے اوورسیز پاکستانیوں سے اکٹھے کیے گئے، لیکن اس رقم کا کوئی حساب نہیں دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : جھوٹی گواہیوں کی بنیاد پر پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزا دی جا رہی ہے، علیمہ خان

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان دبئی اور نیو جرسی میں مہنگی جائیدادیں رکھتی ہیں جن کی کوئی منی ٹریل موجود نہیں ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے علیمہ خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی باتیں غلط ہیں تو ان پر کیس دائر کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے شاہ محمود قریشی کی بریت پر بھی سوالات اٹھائے اور عدلیہ پر تحفظات کا اظہار کیا۔

Scroll to Top