پشاور: صوبائی وزیر لائیو سٹاک فضل حکیم خان نے میڈیا پر محکمہ لائیو سٹاک کی 80 گاڑیوں کے لاپتہ ہونے سے متعلق رپورٹس کو گمراہ کن قرار دے دیا ہے۔
نجی ٹی وی مشرق نیوزکے مطابق اور فضل حکیم خان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں سامنے آنے والی رپورٹس حقائق کے منافی ہیں، اور ایسی خبروں کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی تمام گاڑیاں سرکاری استعمال میں ہیں اور مکمل ریکارڈ کے ساتھ موجود ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ یہ گاڑیاں محکمہ لائیو سٹاک کے مختلف ونگز کے زیر استعمال رہی ہیں، جب کہ چند گاڑیاں ضابطے کے مطابق ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو واپس کی جا چکی ہیں۔ ان کے مطابق آڈٹ ٹیم کو ان گاڑیوں سے متعلق تمام ریکارڈ اور دستاویزات فراہم کر دی گئی ہیں۔
فضل حکیم خان نے زور دیا کہ محکمہ لائیو سٹاک شفافیت اور جوابدہی کے اصولوں پر کاربند ہے اور اس معاملے میں کوئی گاڑی کسی غیر مجاز شخص کے استعمال میں نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ لائیو سٹاک خیبرپختونخوا کی 80 سرکاری گاڑیاں غائب، آڈٹ رپورٹ میں انکشاف
انہوں نے مزید بتایا کہ صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے لیے ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔
انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ اطلاعات کی بجائے تصدیق شدہ معلومات عوام تک پہنچائی جائیں تاکہ اداروں کی ساکھ متاثر نہ ہو۔





