خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ وہ 5 اگست کو ہونے والے ملک گیر احتجاج میں خیبرپختونخوا سے تحریک کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قانون حرکت میں نہیں آ رہا، جبکہ نااہلیوں اور گرفتاریوں سے ان کے حوصلے کمزور نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ موجودہ حالات میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان ایک فیصلہ کن جدوجہد کر رہے ہیں، اور ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق’’یہ جھوٹے اور من گھڑت کیسز برسوں سے چلے آ رہے ہیں، لیکن ہم ہمیشہ قانون کا احترام کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہوئے ہیں۔ ایسی پیشیوں سے ہم گھبرانے والے نہیں۔‘‘
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ 5 اگست کو خیبرپختونخوا سمیت ملک کے ہر ضلع اور حلقے سے عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر صوبے میں تحریک کی قیادت کریں گے اور عوامی جذبات کی نمائندگی کریں گے۔
’’ہماری تحریک آئینی، سیاسی اور پرامن ہے، لیکن ہم جمہوری حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘‘
علی امین گنڈاپور نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ قانونی تقاضے پورے نہیں کیے جا رہے اور عدالتوں میں انصاف کے بجائے سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔





