بنوں میں فتنہ الخوارج کی دہشتگردی کی کوشش ناکام ،پولیس کی بروقت کارروائی سے شرپسند فرار

بنوں : بنوں کے دور افتادہ علاقے تھانہ ہوید کی حدود میں چوکی شیخ لنڈک کے قریب فتنہ الخوارج کے شرپسند عناصر کی مشکوک سرگرمیوں کو بنوں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق چوکی میں تعینات اہلکاروں نے مشکوک نقل و حرکت دیکھتے ہی فوری ردعمل دیا اور فائرنگ کر کے مسلح شرپسندوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران شرپسند رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

ڈی آئی جی بنوں سجاد خان اور ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس ہر خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فورس جدید ہتھیاروں سے لیس اور تربیت یافتہ ہے، جو کسی بھی دہشتگردی کی کوشش کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے نااہل اراکین کی قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری

پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور دیگر تخریب کار عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، اور کسی بھی مشکوک حرکت پر فوری ایکشن لیا جائے گا تاکہ علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔

علاقے کے عوام نے بھی پولیس کی چوکسی اور بروقت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Scroll to Top