ٹرمپ تجارتی معاہدے کے اعلان پر اسحاق ڈار کا ردعمل ، بڑی خبر سامنے آ گئی

اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک تاریخی معاشی معاہدہ طے پا گیا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔

یہ بیان انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کردہ اعلان کے جواب میں جاری کیا۔

اسحاق ڈار نے کہاالحمدللہ، پاکستان کا امریکا کے ساتھ تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے، جو معاشی تعاون، توانائی میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جو ملک کی معیشت کو استحکام دینے اور بین الاقوامی اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے ہمیشہ قومی مفاد پر مبنی معاشی ڈپلومیسی کو ترجیح دی ہے، اور یہ معاہدہ اسی حکمت عملی کا ثمر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کیساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان کر دیا

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا وقار دوبارہ مستحکم ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق معاہدے کی باضابطہ تفصیلات آئندہ چند دنوں میں منظر عام پر لائی جائیں گی، تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق اس میں توانائی، بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) اور برآمدات کے فروغ جیسے اہم شعبے شامل ہوں گے۔

Scroll to Top