اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر میں ایک کروڑ مفت موبائل سمز کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی ایس پی) کے تحت ڈیجیٹل والٹس کے قیام اور مفت موبائل سمز کی فراہمی کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بی ایس پی کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس فعال کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے اس جدید نظام کو کامیابی سے چلانے والی ٹیم اور تمام متعلقہ حکام کو مبارکباد بھی دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بی ایس پی میں یہ جدید اقدامات شہید بےنظیر بھٹو کے وژن کی تکمیل ہیں، اور یہ پروگرام ملک سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے خاص طور پر سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ڈیجیٹل والٹ کی بدولت کیش لیس معیشت کی طرف قدم بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رمضان کے دوران بی ایس پی کے مستحقین کو پہلی بار رقوم ڈیجیٹل طریقے سے منتقل کی گئیں، جو نہایت کامیاب ثابت ہوئی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ کیش لیس معیشت کی ترویج کے لیے ماہانہ دو بار اجلاس کرتے ہیں کیونکہ یہ آج کے دور کی بنیادی ضرورت ہے۔
تقریب کے بعد وزیراعظم کی زیر صدارت قومی صنعتی پالیسی پر اجلاس بھی ہوا، جس میں مختلف تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے تاکہ ملکی صنعتوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی برآمدات میں صنعت کا مرکزی کردار ہے، اور حکومت چاہتی ہے کہ صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور ماہر افرادی قوت فراہم کی جائے۔
انہوں نے صنعتی پیداوار میں اضافہ اور مسائل کے پائیدار حل کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔





