خیبرپختونخوا میں 7 ستمبر سے شدید بارشوں کی پیشگوئی

ملک بھر میں ایک بار پھر شدید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے 7 سے 9 ستمبر کے دوران سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ اس وقت بھارتی ریاست مدھیہ پردیش پر موجود ہے جو مغرب شمال مغرب کی جانب بڑھتے ہوئے 6 ستمبر کو راجستھان سے ہوتا ہوا سندھ کے قریبی علاقوں تک پہنچ سکتا ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر سندھ اور پنجاب کے مشرقی علاقوں میں 6 ستمبر سے شدید مون سون ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔

اس سلسلے میں سندھ کے بیشتر اضلاع میں 6 سے 9 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش، اور بعض مقامات پر موسلادھار سے شدید موسلادھار بارش متوقع ہے۔ ان اضلاع میں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، حیدرآباد، کراچی، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو، دادو، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، گھوٹکی اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول لاہور، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، ڈی جی خان، راجن پور، وہاڑی، خانیوال، سیالکوٹ اور اسلام آباد میں بھی 7 سے 9 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔ اسی طرح مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے کئی اضلاع جیسے بارکھان، سبی، کوہلو، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، گوادر اور پسنی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، پشاور، کوہاٹ، مردان، کرم، باجوڑ اور مہمند میں بھی اسی دوران بارش کی توقع ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 6 سے 8 ستمبر کے دوران متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان بارشوں کے باعث کراچی اور حیدرآباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے جبکہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں سے صورتحال بگڑ سکتی ہے۔

ڈیرہ غازی خان اور بلوچستان کے مشرقی و جنوبی علاقوں میں برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ شدید بارشوں اور آندھی کے باعث معمولات زندگی میں خلل، کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان اور دیگر مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا اعلان

محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے اور مشورہ دیا ہے کہ سفر سے پہلے موسم سے متعلق اپ ڈیٹس ضرور حاصل کریں۔ تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

Scroll to Top