صائم ایوب نے ٹی20 کرکٹ میں صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ برابر کردیا

ایشیا کپ میں جوان اوپنر صائم ایوب کی بدترین فارم نے ٹیم کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ صائم ایوب نے اس ٹورنامنٹ میں مکمل ناکامی کا سلسلہ برقرار رکھا اور ٹی20 کرکٹ میں بدترین بیٹنگ ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ایشیا کپ کے دوران ان کی بیٹنگ لائن اپ میں تبدیلی کے باوجود وہ دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے کے بعد بھی مسلسل ناکام رہے۔

دبئی اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان کے بعد آتے ہی صفر پر آؤٹ ہو گئے جو اس ٹورنامنٹ میں ان کا چوتھا صفر پر آؤٹ ہونا تھا۔

یہ خراب فارم صائم ایوب نے پہلے بھی دکھایا تھا جب عمان، بھارت اور متحدہ عرب امارات کے خلاف مسلسل صفر پر آؤٹ ہو کر ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔ بھارت کے خلاف سپر فور میچ میں انہوں نے 21 رنز بنائے، مگر اس کے بعد سری لنکا کے خلاف صرف 2 رنز بنا سکے۔ بنگلہ دیش کے خلاف صفر پر آؤٹ ہو کر صائم ایوب نے رواں برس ٹی20 کرکٹ میں چھ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا بدترین ریکارڈ برابر کر لیا ہے۔

یہ ریکارڈ زمبابوے کے رچرڈ نگاراوا نے 2024 میں بنایا تھا جنہوں نے ایک سال میں سب سے زیادہ چھ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔ اسی طرح مزاربانی، ریگس چیکابوا اور بھارت کے سنجو سیمسن بھی ٹی20 کرکٹ میں ایک سال میں پانچ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہدف دے دیا

پاکستان کی جانب سے عمر اکمل ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ رکھتے ہیں جبکہ صائم ایوب نو مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو کر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔

Scroll to Top