پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اتوار کے روز گرین شرٹس کا ٹاکرا روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
دبئی میں کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز اسکور کیے۔ گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن آغاز میں مشکلات کا شکار رہی اور ابتدائی پانچ کھلاڑی محض 49 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان سلمان علی آغا نے 19 رنز کی اننگز کھیلی، فخر زمان 13 جبکہ صاحبزادہ فرحان صرف 4 رنز بنا سکے۔
صائم ایوب ایک مرتبہ پھر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، شاہین آفریدی نے 19 رنز بنائے، محمد حارث 31 اور محمد نواز نے 25 رنز بنائے۔
جواب میں بنگلادیشی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز تک محدود رہی۔ شمیم حسین نے 30 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، سیف حسن نے 18 جبکہ نور الحسن 16 رنز بنا سکے۔ کپتان ذاکر علی صرف 5 رنز ہی جوڑ پائے۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں شاہین آفریدی اور حارث رؤف نمایاں رہے، دونوں نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب نے دو اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مہدی حسن اور رشاد حسین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مستفیض الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلادیش کے کپتان ذاکر علی نے ٹاس جیت کر سلمان علی آغا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔





