اعجاز آفریدی
پشاور: لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں 2022 کی ترامیم کالعدم قرار دینا بلدیاتی نظام کے حق میں بڑی کامیابی ہے۔
مئیر مردان حمایت اللہ مایار نے عدالتی فیصلہ حق سچ کی فتح قرار دیا اور بلدیاتی نمائندوں، قانونی مشیروں اور وکلاء کی محنت کو سراہا۔
تحصیل چئیرمین سرائے نورنگ عزیز اللہ مروت نے کہا کہ ایسوسی ایشن مضبوط و مستحکم بلدیاتی نظام کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی تاکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں اور عوامی مسائل باآسانی حل ہو سکیں۔
کوارڈینیٹر انتظار خلیل نے بتایا کہ 30 ستمبر پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں سیاسی جماعتوں کے صوبائی قائدین شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات پولیس اور مشران کی مشترکہ کوششیں، امن قائم رکھنے میں اہم پیش رفت
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو فوراً بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات بحال کرنے اور ترقیاتی فنڈز کی یکمشت فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل جلد حل ہو سکیں۔
صدر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن کے ہدایت پر قائم کمیٹی نے سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیں اور مختلف جماعتوں کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی ہو چکی ہے۔





