پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عرفان سلیم نے پشاور میں منعقدہ جلسے کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ساتھ کارکنوں کی جانب سے دکھائے گئے ردعمل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج جو کچھ بھی جلسے میں وزیراعلیٰ کے ساتھ ہوا وہ جمہور کی حقیقی آواز ہے۔
عرفان سلیم نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ اس آواز کو غور سے سنیں اور سمجھیں کیونکہ عوام بانی پی ٹی آئی کی اسٹیبلشڈ پالیسی اور بیانیے کی حقیقی ترجمانی کی توقع رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 15 ستمبر کو بھی وہ وزیراعلیٰ کے سامنے کچھ تجاویز رکھ چکے ہیں جن پر عمل درآمد کے بعد دوبارہ اسی مقام پر جلسہ منعقد کیا جائے تاکہ ایک مختلف اور بہتر منظر دیکھا جا سکے۔
عرفان سلیم نے مزید کہا کہ جمہور بانی پی ٹی آئی کی آواز کو سنتا ہے ان کے بیانیے کو تسلیم کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ مزاحمت میں زندگی ہے جبکہ مفاہمت میں شرمندگی۔





