کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے،سابق بھارتی کپتان کپل دیو

نئی دہلی: سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے ایشیا کپ 2025 کے دوران سامنے آنے والے تنازعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے اور سیاسی معاملات کو سیاستدانوں پر چھوڑ دینا ہی بہتر ہے۔

ایک بھارتی نیوز چینل سے گفتگو میں کپل دیو نے کہا کہ کھیل کے میدان میں قومی جذبات کا ہونا ایک فطری امر ہے، لیکن ان جذبات کو اسپورٹس مین اسپرٹ پر حاوی نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ مصافحہ نہ کرنا یا ٹرافی نہ لینا کوئی بڑی بات نہیں، لیکن ان چیزوں کو بلا وجہ بڑھانا مناسب نہیں۔ کھلاڑیوں کو آگے بڑھنا چاہیے اور حکومت کو اپنے معاملات خود حل کرنے دینے چاہییں۔

انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو اپنے اختلافات کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، اور میڈیا کو کھیل پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔

ان کے بقول میڈیا کا کام ہے کہ ہر پہلو کو دکھائے، لیکن ایک کھلاڑی کی حیثیت سے میں یہی چاہتا ہوں کہ کھیل کا ماحول سیاست سے پاک ہو، تاکہ اسپورٹس مین شپ برقرار رہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی وزیراعظم کی قطری وزیراعظم سے دوحہ واقعے پر معذرت

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے دوران پاک بھارت میچز میں کھلاڑیوں کا ایک دوسرے سے مصافحہ نہ کرنا، اور فائنل میں بھارتی ٹیم کی جانب سے ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنا تنقید کی زد میں آ چکا ہے۔ ٹرافی ہینڈ اوور کی روایتی تقریب بغیر کسی باضابطہ اعلان کے ختم کی گئی، جسے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک علامتی بائیکاٹ سمجھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top