پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
محکمہ صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں مزید 95 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 ہزار 283 تک جا پہنچی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق اس وقت 43 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ دیگر کو گھر پر ہی طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔
سب سے زیادہ متاثرہ ضلع چارسدہ ہے، جہاں کیسز کی تعداد 892 ہو چکی ہے۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں مانسہرہ سے 285، ہری پور سے 227 اور پشاور سے 143 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں اور آس پاس کے علاقوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، کیونکہ یہی پانی مچھروں کی افزائش کا سبب بنتا ہے۔ علاوہ ازیں مچھر دانیوں اور ریپیلنٹس کے استعمال پر بھی زور دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ امن معاہدے کے قریب، پاکستان سمیت مسلم دنیا کی حمایت حاصل ہے،ٹرمپ
دوسری جانب صوبائی حکومت نے ڈینگی کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اسپرے مہم، آگاہی مہمات اور طبی سہولیات کی فراہمی میں اضافے کے احکامات دیے گئے ہیں۔





