کراچی: قومی ایئرلائن پی آئی اے نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے لیے اپنی پروازیں آج سے دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان نے پروازوں کی بحالی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 783 روانہ ہو چکی ہے۔
پی آئی اے نے 13 سے 28 ستمبر کے دوران ٹورنٹو کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کر دی تھیں۔ اس معطلی کی بنیادی وجوہات طیاروں کی قلت اور ضروری فاضل پرزہ جات کی عدم دستیابی تھیں۔
ذرائع کے مطابق یہ طویل فاصلے کی نان اسٹاپ پروازیں عموماً بوئنگ 777 ایل آر (لانگ رینج) طیاروں کے ذریعے آپریٹ کی جاتی ہیں، تاہم اس وقت پی آئی اے کے دونوں 777 ایل آر طیارے گراؤنڈ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک طیارے کے لینڈنگ گیئر کی تبدیلی درکار ہے، اور اگرچہ نیا لینڈنگ گیئر دستیاب ہے، لیکن مطلوبہ ٹیکنیکل ٹولز نہ ہونے کے باعث کام مکمل نہیں ہو سکا۔ نتیجتاً ٹورنٹو کی پرواز اب عارضی طور پر بوئنگ 777-300 ای آر طیارے کے ذریعے چلائی جائے گی۔
خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار جاری، 24 گھنٹوں میں 95 نئے کیسز رپورٹ
پی آئی اے نے پروازوں کی بحالی کے موقع پر مسافروں کے لیے ایک خصوصی رعایت کا اعلان بھی کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق، ٹورنٹو کے لیے ٹکٹ پر 15 فیصد رعایت دی جا رہی ہے، جو 10 اکتوبر تک حاصل کی جا سکتی ہے۔ رعایتی ٹکٹ رکھنے والے مسافر 30 ستمبر سے 19 دسمبر 2025 کے درمیان سفر کر سکیں گے۔
ایئرلائن حکام کے مطابق سروس کی بحالی مسافروں کی سہولت اور موسمِ سرما کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے، جبکہ انجینئرنگ شعبہ طیاروں کی مکمل بحالی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔





