پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ابتدائی تعلیم محمد عاصم خان نے عوامی شکایات پر عدم دلچسپی اور کھلی کچہری میں شرکت نہ کرنے پر محکمہ تعلیم پشاور کے 20 افسران کو 120 دن کے لیے معطل کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ ضلع پشاور میں منعقدہ آن لائن کھلی کچہری کے دوران افسران کی عدم شرکت، عوامی سوالات کے غیر مؤثر جوابات اور سرکاری امور میں غفلت کے باعث کیا گیا۔
معاون خصوصی کے مطابق یہ قدم عوامی مسائل کے فوری حل اور افسران کی جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ معطل کیے جانے والے تمام افسران کا تعلق محکمہ تعلیم ضلع پشاور سے ہے اور ان کے خلاف باقاعدہ چارج شیٹ علیحدہ سے جاری کی جائے گی۔
اس موقع پر محمد عاصم خان نے واضح کیا کہ کھلی کچہری میں تمام انتظامی افسران کی شرکت لازمی ہے اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، افغان خوارجی کمانڈر پیر آغا خنداری ہلاک
انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری فرائض میں کوتاہی برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کا حل اساتذہ اور افسران کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔





