تحریک انصاف آج قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ میں اپوزیشن لیڈرز کے نام جمع کرائے گی

تحریک انصاف آج قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ میں اپوزیشن لیڈرز کے نام جمع کرائے گی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کی اتحادی جماعتیں آج قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ میں اپوزیشن لیڈرز کے نام باضابطہ طور پر جمع کرائیں گی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی کے نام کی منظوری دے دی ہے۔ وہ اس وقت پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ ہیں اور اپوزیشن کی مشترکہ آواز بننے کے لیے سامنے آئے ہیں۔

سینیٹ کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اپوزیشن نے علامہ ناصر عباس کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علامہ ناصر عباس مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ہیں اور اپوزیشن کی صفوں میں ایک مؤثر اور سرگرم آواز سمجھے جاتے ہیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے نام آج ہی قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکریٹریٹ میں باضابطہ طور پر جمع کرا دیے جائیں گے تاکہ ایوان بالا اور ایوان زیریں میں اپوزیشن کی نمائندگی کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اقدام اپوزیشن جماعتوں کے درمیان باہمی مشاورت اور ہم آہنگی کا مظہر ہے، جو موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک بڑی پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top