خیبر پختونخوا میں موسم کا مزاج بگڑنے لگا، تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارشیں متوقع

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جب کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقوں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔گلگت بلتستان میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے۔اسلام آباد میں موسم عمومی طور پر خشک رہے گا، تاہم مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے شہروں راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، گجرات، لاہور، سیالکوٹ، نارووال اور وزیرآباد میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور چند مقامات پر موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے ممکنہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے جہلم میں منگلا اپ اسٹریم پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران درمیانے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Scroll to Top