بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں، جہاں مقامی سطح پر فی تولہ سونا 1500 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 16 ہزار 778 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، منگل کے روز 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 1286 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد یہ 3 لاکھ 57 ہزار 319 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔
قبل ازیں پیر کے روز بھی سونے کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا تھا، جب فی تولہ سونا 5400 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 15 ہزار 278 روپے تک جا پہنچا تھا۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 3955 ڈالر فی اونس عالمی مارکیٹ میں سونا 15 ڈالر اضافے کے ساتھ 3955 ڈالر فی اونس پر جا پہنچا، جب کہ پریمیئم 20 ڈالر تک ریکارڈ کیا گیا۔ دن کے دوران اس کی بلند ترین سطح 3977 ڈالر 19 سینٹ بھی دیکھی گئی۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں سپاٹ گولڈ 3960 ڈالر فی اونس کے قریب ٹریڈ ہو رہا ہے۔
چاندی کی قیمت میں معمولی کمیدوسری جانب، مقامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت میں 20 روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ چاندی 4929 روپے پر دستیاب ہے۔
سونا رواں سال 51 فیصد مہنگا ہو چکاماہرین کے مطابق، رواں سال کے دوران سونا مجموعی طور پر 51 فیصد مہنگا ہو چکا ہے۔ اس کی بنیادی وجوہات میں عالمی مرکزی بینکوں کی بڑے پیمانے پر خریداری، گولڈ ایکسچینج فنڈز کی مانگ میں اضافہ، امریکی ڈالر کی قدر میں کمی، اور عالمی جغرافیائی و تجارتی کشیدگیاں شامل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، جس سے زیورات سازی اور خریداروں دونوں پر مالی دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔





