شاہد جان
پشاور :خیبرپختونخوا اسمبلی میں امریکی کمپنی یو ایس اسٹریٹجک میٹلز کے ساتھ 500 ملین ڈالر مالیت کے معاہدے پر توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا گیا ہے۔
یہ نوٹس عوامی نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی ارباب محمد عثمان کی جانب سے جمع کرایا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی کمپنی کے ساتھ تانبے (Copper)، نیوڈیمیم (Neodymium)، پریسیوڈیمیم (Praseodymium) اور دیگر قیمتی معدنیات کے حصول سے متعلق معاہدہ کیا گیا ہے، جس پر کئی اہم سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ارباب عثمان نے استفسار کیا ہے کہ آیا اس معاہدے میں معمول کے قانونی تقاضوں اور ٹھیکوں سے متعلق ضوابط پر مکمل عملدرآمد کیا گیا ہے یا نہیں۔
اس کے علاوہ، مقامی آبادی کو اس منصوبے کے بارے میں اعتماد میں لینے سے متعلق حکومتی اقدامات کی وضاحت بھی طلب کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل ڈیٹا کا نظام لازمی قرار، کاغذی ریکارڈ پر پابندی عائد
نوٹس میں حکومت سے یہ وضاحت بھی مانگی گئی ہے کہ اس معاہدے کے نتیجے میں علاقائی معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے اور مقامی لوگوں کو کس حد تک فائدہ پہنچے گا۔





