مالاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ کی تحصیل کوٹ میں ایک نوجوان لڑکی کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب اس کی والدہ نے شکایت کی کہ وہ لڑکے کا بھیس بدل کر ٹک ٹاک پر ویڈیوز اپلوڈ کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ نے الزام لگایا کہ اس کی بیٹی سوشل میڈیا پر اپنی شناخت چھپا کر خود کو لڑکا ظاہر کر رہی تھی، جس سے خاندان اور معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے۔
والدہ کے بار بار منع کرنے کے باوجود لڑکی اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھی جس پر والدہ نے تھانے میں رپورٹ درج کرا دی۔
شکایت موصول ہونے پر لیویز فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو حراست میں لے لیا اور کوٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔
ابتدائی تفتیش کے بعد لڑکی کو جیل بھیج دیا گیا تاہم بعد ازاں والدہ کی جانب سے نرمی کی درخواست اور اس یقین دہانی کے بعد کہ آئندہ بیٹی سوشل میڈیا استعمال نہیں کرے گی حکام نے اسے ضمانت پر رہا کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی کمپنی سے 500 ملین ڈالر کے معاہدے پر اے این پی کاخیبرپختونخوا اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع
پولیس کے مطابق لڑکی نے اعتراف کیا کہ وہ محض تفریح کی غرض سے لڑکے کا روپ دھار کر ٹک ٹاک ویڈیوز بناتی تھی اور اس کا کسی کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں تھا۔





