پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان فراز مغل نے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاءالرحمان کی سیاسی سرگرمیوں پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
فراز مغل نے کہا کہ ضیاءالرحمان وہی پرانی سیاست دہرا رہے ہیں جو 1997 میں مسرت شاہین کے نام سے شروع ہوئی تھی اور اب مولانا خاندان اپنی سیاست زندہ رکھنے کے لیے سیاسی “مسرت شاہینوں” کے سہارے ہیں۔
فراز مغل نے کہا کہ ضیاءالرحمان کو پہلے اپنے حلقے ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنی سیاسی حیثیت کا جائزہ لینا چاہیے کیونکہ ڈیرہ کے عوام نے مولانا خاندان کو مسترد کر دیا ہے اور وہ اب جلسوں میں صرف سٹیج شو تک محدود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنہیں اپنے حلقے میں عوام سننے کو تیار نہیں، وہ صوبائی سیاست پر بات کرنے کے اہل نہیں۔
ترجمان وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست اب صرف تقریروں اور بیانات تک محدود ہو چکی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے لوگ کام اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ،بریفنگ اور سینیٹ تقریر پر ایمل ولی خان کی وضاحت
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے ڈیرہ سمیت پورے صوبے میں عوامی خدمت کا عملی ثبوت دیا ہے اور مولانا خاندان کا سیاسی زوال بیانات سے چھپایا نہیں جا سکتا۔
فراز مغل نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے ووٹ سے قائم ہے اور کسی ناکام خاندان کے شور سے نہیں۔
انہوں نے مولانا خاندان کی سیاست کو ناکام اور بے اثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خاندان اب صرف بیانات اور بیانات بازی تک محدود ہے۔





