حکومت پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سہولتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ مختلف ممالک کے پاکستانی سفارتخانوں میں نادرا کے کاؤنٹرز مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔
نادرا ترجمان کے مطابق کینیڈا کے شہروں مونٹریال اور وینکوور، اٹلی کے میلان، بحرین کے دارالحکومت منامہ اور اردن کے شہر امان میں اب پاکستانی شہری شناختی کارڈ (CNIC)، نائیکوپ (NICOP) اور دیگر خدمات بآسانی حاصل کر سکیں گے۔
یہ کاؤنٹرز بیرون ملک پاکستانیوں کو نادرا سے متعلقہ امور کے لیے پاکستان سفر سے بچائیں گے اور انہیں قریبی سفارتخانے پر سہولت فراہم کریں گے۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ہزاروں اوورسیز پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے اور ان کا وقت اور پیسہ دونوں بچے گا، جسے پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور سراہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اسمبلی اور صوبائی حکومت کے درمیان بہترین تعاون قائم ہے، اسپیکرپختونخوا
مزید برآں اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھی جلد نیا نادرا کاؤنٹر قائم کیا جائے گا تاکہ وہاں مقیم پاکستانی بھی ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔





