کسی کو ہنگو کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جی او سی میجر جنرل شاہد امیر

ہنگو: ہنگو ٹل سکاوٹس ہیڈکوارٹر میں جی او سی نائن ڈویژن میجر جنرل شاہد امیر افسر سے ہنگو امن کمیٹی کے شیعہ و سنی مشران نے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس عالمگیر یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر اور ڈی پی او ہنگو خان زیب خان مہمند بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران ہنگو میں امن و امان کی حالیہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امن کمیٹی کے مشران نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام اور مشران ہر سطح پر ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

میجر جنرل شاہد امیر نے اس موقع پر واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہنگو کا امن کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا اور امن دشمن عناصر کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ ٹیم کا پہلا گروپ لاہور پہنچ گیا، دوسرا گروپ کل صبح متوقع ہے

جی او سی نے ہنگو کے قبائلی مشران کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن کے قیام میں مشران کا تعاون اور قیادت قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کے لیے تمام فریقوں کا تعاون ناگزیر ہے، اور فورسز علاقائی امن کو ہر حال میں یقینی بنائیں گی۔

Scroll to Top