اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی جدید موبائل ایپ پاک آئی ڈی کے ذریعے شناختی دستاویزات کے حصول کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا ہے، جس سے شہریوں کو دفاتر کے طویل چکر کاٹنے سے نجات مل گئی ہے۔
ترجمان نادرا سید شباہت علی کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ نے قومی شناختی خدمات کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلی متعارف کرائی ہے۔
اب شہری اپنے گھر بیٹھے شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) اور دیگر اہم دستاویزات کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ محض تین ماہ کے دوران ایپ پر 12 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ ایپ کو اب تک ایک کروڑ سے زائد صارفین ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں، جو اسے ملک کی سب سے مقبول عوامی سروسز میں سے ایک بناتی ہے۔
ترجمان کے مطابق اسمارٹ فون کے ذریعے شہری نہ صرف اپنی بائیومیٹرک تصدیق اور ضروری دستاویزات اپلوڈ کر سکتے ہیں بلکہ اپنی درخواست کی اسٹیٹس کو بھی ریئل ٹائم میں مانیٹر کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گوگل کا طلبا کے لیے بڑا تحفہ: مفت AI Pro پلان کا اعلان
روزانہ کی بنیاد پر ایپ کے ذریعے 10 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے جا رہے ہیں، جس سے عوامی سہولت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ڈیجیٹل درخواستوں میں 45 فیصد اضافہ نادرا کے اس اقدام کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ شہری بڑی تیزی سے روایتی نظام سے ڈیجیٹل سسٹم کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔
نادرا کی جانب سے یہ ٹیکنالوجی پر مبنی قدم پاکستان کو ای گورننس کی جانب لے جانے والا ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف عوامی خدمات کا معیار بلند ہو گا بلکہ وقت اور وسائل کی بچت بھی ممکن بنائی جا رہی ہے۔





