سلمان یوسفزئی
پشاور میں چکن گونیا کے پانچ مشتبہ کیسز کا انکشاف ہوا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق یہ کیسز بڈھ بیر کے علاقے سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مریضوں کے نمونے تصدیق کے لیے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری کے ذریعے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ بھیجے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق صوبے میں چکن گونیا کے 19 سے زائد مریض صحت یاب ہو کر اسپتالوں سے فارغ کیے جا چکے ہیں جبکہ پانچ مشتبہ کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرہ علاقوں میں پبلک ہیلتھ ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق چکن گونیا ایک وائرل مرض ہے جو ایڈیز مچھر کے ذریعے پھیلتا ہے۔ اس کی نمایاں علامات میں تیز بخار، جوڑوں اور پٹھوں کا شدید درد، سر درد، جلد پر سرخی دار دانے، تھکن اور متلی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلی خیبرپختونخوا کا انتخاب پیر کو ہوگا، سلمان اکرم راجہ
بیماری عام طور پر جان لیوا نہیں ہوتی تاہم بوڑھے افراد اور پہلے سے بیمار مریضوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔





