پاکستان میں پہلی مرتبہ مقامی خاتون کے عطیہ کردہ قارنیہ کی کامیاب پیوند کاری، بصارت کی بحالی کا تاریخی سنگِ میل

راولپنڈی: پاکستان کی طبی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف اوفتھالمالوجی (AFIO) کے ماہر سرجنز نے مقامی خاتون کے عطیہ کردہ قرنیہ کی کامیاب پیوند کاری کے ذریعے دو سپاہیوں کی بینائی بحال کر دی۔

یہ پاکستان میں پہلا موقع ہے کہ کسی مقامی خاتون کے عطیہ کردہ قرنیہ سے کامیاب ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہو۔ میجر جنرل (ر) سید ظفر مہدی عسکری کی مرحومہ اہلیہ کی وصیت کے مطابق اُن کا قرنیہ اے ایف آئی او کو عطیہ کیا گیا تھا۔

قرنیہ کی پیوند کاری 30 سالہ سپاہی علی اللہ اور 26 سالہ سپاہی فلک شیر کی آنکھوں میں کی گئی جو دہشتگردوں کے خلاف  آپریشن کے دوران اپنی بینائی سے محروم ہو گئے تھے۔ کامیاب سرجری کے بعد دونوں سپاہیوں کی بصارت بحال ہو گئی ہے۔

مرحومہ کی بیٹی زہرہ مہدی نے اس موقع پر کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کا مقام ہے کہ والدہ کی آنکھیں دو بہادر سپاہیوں کو عطیہ ہوئیں۔ اُن کی قربانی صدقۂ جاریہ ہے، اور ہمیں خوشی ہے کہ اُن کے عطیے سے کسی کی زندگی میں روشنی واپس آئی۔

اے ایف آئی او کے ماہر سرجنز کا پیشہ ورانہ کردار قابلِ تحسین قرار دیا جا رہا ہے اور اس کامیاب عمل کو بصارت کی بحالی کے حوالے سے ایک تاریخی پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top