وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں حالیہ اشتعال انگیزی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پاک فوج کی بروقت، پیشہ ورانہ اور بھرپور جوابی کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ’’ہمیں اپنی بہادر افواج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے، اور ہم فیلڈ مارشل کی بےباک قیادت میں دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ پاک فوج نے افغان حدود میں موجود متعدد دہشتگرد پوسٹس کو تباہ کیا اور دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا۔دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہےشہباز شریف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے، اور ہم ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ماضی میں بھی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور آئندہ بھی ہر قسم کی دہشتگردی یا سرحدی دراندازی برداشت نہیں کی جائے گی۔
فتنۂ الخوارج اور فتنۂ ہندوستان کی نشاندہی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے کئی بار افغان حکومت کو وہاں موجود فتنۂ الخوارج (کالعدم TTP) اور فتنۂ ہندوستان (بھارت کی مداخلت) کے متعلق مصدقہ معلومات فراہم کی ہیں، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
ان کا کہنا تھا’’ہمیں توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی، کیونکہ دہشتگرد تنظیموں کو وہاں موجود بعض عناصر کی حمایت حاصل ہے۔‘‘
قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہےشہباز شریف نے کہا کہ آج پوری قوم پاک فوج، رینجرز، اور تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا ممکن نہیں۔





