انجمن تاجران صوابی ٹوپی کی افغانستان حملے کے خلاف احتجاجی ریلی، عوام اور تاجروں کا پاکستانی فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی
تفصیلات کے مطابق صوابی ٹوپی میں انجمن تاجران کی جانب سے گزشتہ شب ایک بھرپور احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کا مقصد افغانستان کی طرف سے پاکستانی سرحدی علاقوں پر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرنا تھا۔ ریلی میں تاجروں، شہریوں، سماجی کارکنوں اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے افغان جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پاکستانی فوج کے حق میں بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔ ریلی کے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی جانب سے یہ حملہ ناقابل برداشت ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مقررین نے پاکستانی فوج کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے ملک کی دفاعی صلاحیت کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ریلی کے اختتام پر وطن کی سلامتی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔





