وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت چار اہم امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔
وزارت اعلیٰ کے لیے اب چار امیدوار میدان میں ہیں جن میں پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی، جمعیت علماء اسلام کے مولانا لطف الرحمن، پیپلزپارٹی کے ارباب زرک اور مسلم لیگ نواز کے سردار شاہجہاں شامل ہیں۔
سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے چیمبر میں قائدِ ایوان کے انتخاب کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی ملاقات بھی ہوئی جس میں قائدِ حزبِ اختلاف ڈاکٹر عباداللہ، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر خان، اور نامزد وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی نے شرکت کی۔

ملاقات میں قائدِ ایوان کے انتخابی مراحل، اسمبلی اجلاس کی تیاریوں اور اراکین اسمبلی سے رابطوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کا سخت مؤقف سامنے آ گیا
سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا کہ اسمبلی کا ادارہ جمہوری تسلسل اور عوامی نمائندگی کی علامت ہے اور قائدِ ایوان کے انتخاب کا عمل شفاف اور آئینی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔





