پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل خان آفریدی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور اراکین اسمبلی نے جمہوریت کی بالادستی اور عمران خان کے بیانیے پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کر کے ایک تاریخی فیصلہ دیا ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے تمام اراکین اسمبلی کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے جمہوری عمل کو کامیابی سے مکمل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ’’خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔‘‘
بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبے کے عوام نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ وہ صرف عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عمران خان کے وژن کو مزید مضبوطی سے آگے بڑھائیں گے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قیادت اور تمام کارکن سہیل آفریدی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’اپوزیشن کا رونا دھونا ان کی شکست خوردہ سیاست کا تسلسل ہے، انہیں رونے دیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا تحفظ ہر کارکن اور رہنما کا قومی و سیاسی فریضہ ہے
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی ہر کوشش کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور آئندہ بھی ایسے عناصر کو منہ کی کھانی پڑے گی۔





