پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سے سیاسی و عوامی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آغا سراج درانی گزشتہ ماہ سے عارضۂ قلب میں مبتلا تھے اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی طبیعت گزشتہ کچھ دنوں سے مسلسل خراب ہو رہی تھی، اور آج وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے۔ ان کی سیاسی اور عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آغا سراج درانی کے انتقال کو پارٹی اور سندھ کی سیاست کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا’’انہوں نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ عوامی خدمت کو انہوں نے ہمیشہ اپنی سیاست کا محور بنایا۔‘‘
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے بھی آغا سراج درانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا’’آغا سراج درانی جیسے بااصول سیاستدان کم پیدا ہوتے ہیں، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘
آغا سراج درانی کا شمار پیپلز پارٹی کے ان سینئر رہنماؤں میں ہوتا تھا جو چار دہائیوں سے زائد عرصے تک پارٹی سے وابستہ رہے۔ وہ تین مرتبہ صوبائی وزیر اور دو مرتبہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہ چکے تھے۔ ان کا تعلق محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں سے تھا۔





