گورنر نے حلف سے انکار نہیں کیا، آج نئے وزیر اعلیٰ حلف اٹھائیں گے، جنید اکبر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینے سے کوئی انکار نہیں کیا، اور آج ہی سہیل آفریدی بطور وزیر اعلیٰ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔

پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا’’گورنر سے ہمارا رابطہ ہوا ہے، انہوں نے وزیر اعلیٰ کے حلف سے انکار نہیں کیا۔ عدالت عالیہ نے حسب روایت آئین و قانون کے مطابق بروقت فیصلہ دیا، جس پر ہم شکر گزار ہیں۔”

جنید اکبر نے کہا کہ خیبرپختونخوا جیسا اہم صوبہ بغیر وزیر اعلیٰ کے عملی طور پر مفلوج ہو چکا تھا۔ انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو آئینی عمل کے تسلسل کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

جنید اکبر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جمہوری طرزِ عمل اپناتے ہوئے گورنر کو آئینی ذمے داریاں نبھانے کی ہدایت دی۔’’ہم بلاول بھٹو کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔ یہ جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔‘‘

Scroll to Top