اسلام آباد : پاکستان کا پہلا ہائپرسپیکٹرل سیٹلائٹ ایچ ایس ون 19 اکتوبر کو چین سے خلاء میں بھیجا جائے گا۔
اس سیٹلائٹ کو سپارکو نے تیار کیا ہے جو زراعت، ترقی اور ماحولیاتی نگرانی کے شعبوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سپارکو کے مطابق ہائپرسپیکٹرل سیٹلائٹ کی مدد سے فصلوں کی پیداوار میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ ممکن ہوگا۔
اس کے علاوہ یہ سیٹلائٹ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کی پیشگوئی میں معاون ثابت ہوگا، جبکہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور ارضیاتی خطرات کی بروقت نگرانی بھی ممکن بنائے گا۔
یہ منصوبہ پاکستان کی قومی خلائی پالیسی اور وژن 2047 کا ایک اہم سنگ میل سمجھا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ملکی ترقی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے نظام کو بہتر بنانے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں بی آر ٹی مرمتی منصوبے میں تاخیر، سروس معطل اور شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں
سپارکو حکام نے بتایا کہ ایچ ایس ون مشن کے ذریعے ملک کو جدید خلائی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ مختلف شعبوں میں بہتری اور جدید سائنسی تحقیق کو فروغ دیا جا سکے۔





