پاک بھارت جنگ میں7 طیارےگرائے گئے تھے، ٹرمپ نے پھر مودی سرکار کو آئینہ دکھا دیا

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران ہونے والی فضائی جھڑپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 7 طیارے گرائے تھے اور دونوں ممالک ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے تھے۔

اوول آفس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارت کے دوران بین الاقوامی سطح پر جنگیں رکوانے میں کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا میں اب تک 8 جنگیں رکوا چکا ہوں، اور پاکستان و بھارت کی ممکنہ جوہری جنگ کو بھی ٹالا تھا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ نے لاکھوں زندگیاں بچائیں۔

 ٹرمپ کے مطابق شہباز شریف کا اشارہ اس ایٹمی تصادم کی جانب تھا جس کے امکانات اس وقت بہت زیادہ تھے۔

ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں واضح کیا کہ پاک بھارت جنگی کشیدگی کے دوران پاکستان نے بھارت کے سات جنگی طیارے مار گرائے تھے۔

یہ دعویٰ ایک بار پھر بھارتی حکومت کے ان دعوؤں کو چیلنج کرتا ہے جن میں وہ سرجیکل اسٹرائیک کو کامیاب اور یکطرفہ قرار دیتے رہے ہیں۔

ٹرمپ نے گفتگو کے دوران یہ بھی بتایا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں روس سے تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ان کا کہنا تھا میں خوش نہیں تھا کہ بھارت روس سے تیل خرید رہا ہے، لیکن اب یہ معاملہ حل ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ امن معاہدے کے تحت حماس نے مزید 2 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دی

امریکی صدر نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حماس غیر مسلح ہو، اور اس کے لیے امریکی فوج کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ فی الوقت چین کے ساتھ تجارتی جنگ میں الجھا ہوا ہے جبکہ یوکرین تنازع کو بھی ختم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

Scroll to Top