انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ کے پی پولیس کی قربانیاں اور خدمات قابلِ فخر ہیں جو نہ صرف محکمے بلکہ پورے معاشرے کے لیے عزت کا باعث ہیں، انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ہی دیرپا امن کی بنیاد ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک خصوصی تقریب کے دوران پشاور، کوہاٹ، ہنگو، آپر دیر اور سوات کے اضلاع میں بہادری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔
تقریب میں ان افسران و اہلکاروں کو سراہا گیا جنہوں نے دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، قاتلوں اور مجرموں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں، حالیہ سیلاب کے دوران بھی جانفشانی سے خدمات انجام دیں۔
پشاور پولیس نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران راولپنڈی میں مطلوب اشتہاری کو ساتھیوں سمیت انجام تک پہنچایا، کوہاٹ پولیس نے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے اور سہولت کاروں کی گرفتاری میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔
ہنگو پولیس نے ایف سی پوسٹ پر حملے کے بعد فوری ردعمل دیتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور دیگر کو زخمی کیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا، سوات پولیس نے سیلاب کے دوران تھانہ مینگورہ کے اسلحہ خانے کو بچا کر قیمتی سرکاری املاک کو محفوظ بنایا۔
دیر اپر میں پولیس اور مقامی شہریوں نے مل کر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیے جن میں عوامی تعاون کو سراہتے ہوئے متعدد شہریوں کو بھی اسناد دی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں اور خدمات قابلِ فخر ہیں جو نہ صرف محکمے بلکہ پورے معاشرے کے لیے عزت کا باعث ہیں، پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ہی دیرپا امن کی بنیاد ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے انعام حاصل کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 6 خوارج ہلاک
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی بابا خیل، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن عالم شنواری، ہیڈکوارٹرز احسن عباس، انٹرنل اکاؤنٹیبیلٹی اختر عباس، پرنسپل اسٹاف آفیسر عمران خان اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزادہ کوکب فاروق بھی شریک تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔





