پاکستانی لڑاکا طیاروں کی آذربائیجان تک نان اسٹاپ فلائٹ، دوران پرواز ایندھن کی فراہمی کا کامیاب آپریشن

پاکستانی لڑاکا طیاروں کی آذربائیجان تک نان اسٹاپ فلائٹ، دوران پرواز ایندھن کی فراہمی کا کامیاب آپریشن

پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) نے ایک شاندار فضائی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے آذربائیجان تک بغیر رکے نان اسٹاپ فلائٹ مکمل کی ہے۔ اس دوران طیاروں نے فضا میں ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ (فضائی ایندھن کی فراہمی) کی بھی کامیاب مشق کی، جو پی اے ایف کی فضائی صلاحیت اور مہارت کا ثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ پیچیدہ اور حساس آپریشن پاکستان ایئر فورس کے اپنے آئی ایل 78 ایریل ٹینکر کی مدد سے انتہائی مہارت کے ساتھ انجام دیا گیا، جس سے طیاروں کی طویل فاصلے تک پرواز کی صلاحیت اور فضائی عملے کی پیشہ ورانہ قابلیت کا بھرپور مظاہرہ ہوا۔

پاکستان ایئر فورس کا دستہ، جس میں جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر بلاک III لڑاکا طیارے اور ماہر فضائی و زمینی عملہ شامل ہیں، آذربائیجان پہنچ چکا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ فضائی مشق’’انڈس شیلڈ الفا‘‘ میں حصہ لے سکے۔

یہ مشق دونوں برادر فضائی افواج کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، حکمت عملی، ہم آہنگی اور مشترکہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے۔ انڈس شیلڈ الفا میں جدید فضائی جنگی حربے، مشترکہ مشن پلاننگ اور تیزی سے بدلتے ہوئے فضائی منظرنامے کے تحت مشن کی انجام دہی پر خاص توجہ دی جائے گی۔

یہ مشق دونوں ممالک کو جدید فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تجربات کے تبادلے اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔ پی اے ایف کی اس کامیاب شرکت سے نہ صرف علاقائی استحکام اور عالمی فوجی تعاون میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ پاکستان کی جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے اور فضائی آپریشنز میں اپنی روایتی برتری برقرار رکھنے کی مسلسل کوششوں کا بھی ثبوت ہے۔

Scroll to Top