وزیر اعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی اور علاقائی سیاسی صورتحال پر گہرا تبادلہ خیال ہوا۔
تفصیلات کے مطابق میاں نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اور پاکستان کی طرف کسی کو بھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے جوان اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر وطن کی حفاظت کر رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پا چکا ہے جس کے تحت پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فوری طور پر بند ہو جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ملاقات ملک کی داخلی و خارجی سیاسی صورت حال پر قومی یکجہتی اور حکمت عملی کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے۔





