بلوچستان کے بعد سندھ حکومت نے بھی وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ خیبرپختونخوا کی جانب سے مسترد کی گئی بلٹ پروف گاڑیاں سندھ کو فراہم کی جائیں۔
پیر کے روز خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو صوبے میں دہشت گردی کی تازہ لہر کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وفاق نہ تو صوبے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مختص فنڈز دے رہا ہے اور نہ ہی دیگر آئینی حقوق فراہم کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی جانب سے دی جانے والی بلٹ پروف گاڑیاں ناقص اور پرانی ہیں، اس لیے انہیں واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محسن نقوی کا کے پی سے واپس کی گئیں بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو دینے کا اعلان
اس بیان کے بعد بلوچستان کے وزیرِاعلیٰ سرفراز بگٹی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ بلوچستان بھی دہشت گردی سے متاثر ہے، لہٰذا اگر خیبرپختونخوا حکومت گاڑیاں لینے سے انکار کر رہی ہے تو وہ بلوچستان کو فراہم کی جائیں تاکہ صوبہ سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنا سکے۔
اس اپیل کے بعد وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے لیے مختص بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان حکومت کے حوالے کر دیں۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا کا بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر آلات نہ لینے کا فیصلہ بچگانہ اور بے وقوفانہ ہے، طلال چوہدری
اب تازہ پیش رفت میں سندھ کے محکمہ داخلہ نے بھی وزارتِ داخلہ کو باضابطہ طور پر درخواست دی ہے کہ خیبرپختونخوا کی مسترد کردہ بلٹ پروف گاڑیاں سندھ کو منتقل کی جائیں تاکہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے ان سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔





