پاکستان مخالف زبان استعمال کرنے والے افغان نوجوانوں نے معافی مانگ لی

کراچی: پاکستان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کراچی میں مقیم دو افغان نوجوانوں نے اپنے بیانات پر معافی مانگ لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر دو نوجوانوں کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن میں وہ افغان مہاجرین کے انخلا کے معاملے پر پاکستان کے خلاف نامناسب زبان استعمال کر رہے تھے۔

بعد ازاں عوامی ردعمل کے بعد دونوں نوجوانوں نے نئی ویڈیوز میں اپنے رویے پر ندامت کا اظہار کیا۔

ان میں سے ایک نوجوان فرہاد، جو کراچی میں ایک کریانے کی دکان پر کام کرتا تھا، نے ایک ویڈیو میں روتے ہوئے اپنے عمل پر شرمندگی ظاہر کی۔

اس نے کہا کہ اُس سے بڑی غلطی ہوئی ہے اور آئندہ ایسا نہیں کرے گا۔ ویڈیو میں فرہاد نے پاکستان زندہ باد اور سندھ پولیس زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

یہ بھی پڑھیں : ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پی سی بی کا لیگل نوٹس پھاڑ دیا

دوسرا نوجوان، محب اللہ، جو ایک چائے کے ہوٹل پر ملازمت کرتا ہے، نے بھی اپنی نئی ویڈیو میں پرانی ویڈیو پر معافی مانگی اور کہا کہ وہ اپنے الفاظ پر نادم ہے۔

دونوں نوجوانوں نے عوام سے درخواست کی کہ ان کی غلطی کو معاف کیا جائے اور وہ مستقبل میں اس قسم کے بیانات دینے سے گریز کریں گے۔

Scroll to Top