وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ان کی اولین ذمہ داری حکومتی امور کو موثر انداز میں چلانا اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وژن پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جلسے جلوس اور احتجاج پارٹی تنظیم کا کام ہے جب کہ ان کا کام عمران خان کے احکامات کو پورا کرنا ہے ۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام نے ووٹ عمران خان کے نظریے اور قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے دیے ہیں، اس لیے صوبائی حکومت کا ہر قدم عمران خان کی پالیسیوں اور رہنمائی کے مطابق اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میری بائیں جانب مرکزی سیکرٹری جنرل موجود ہیں اور دائیں طرف صوبائی صدر، میں یقین دلاتا ہوں کہ پارٹی کی جانب سے جو بھی ہدایات ملیں گی ان پر من و عن عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کی تشکیل بھی عمران خان کی مشاورت اور منظوری کے بغیر نہیں کی جائے گی ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے تمام کارکنان اور رہنما عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اوروہی لائحہ عمل اپنایا جائے گا جو عمران خان کی جانب سے طے کیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ عمران خان ہمارے دلوں میں ہیں، ہم انہیں نہ صرف اپنا قائد سمجھتے ہیں بلکہ ان کے وژن کو عملی جامہ پہنانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان کو اپنے سامنے دیکھیں اور ان شاءاللہ وہ وقت جلد آئے گا جب ہم انہیں ایک بار پھر قیادت کرتے دیکھیں گے۔
“افغان مہاجرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت انسانی ہمدردی کے اصولوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام افغان بہن بھائیوں کے واپسی کے معاملات کو عزت و وقار کے ساتھ مکمل کرے گی۔





