وزیرستان, 3 خودکش بمباروں سمیت 13 دہشت گرد بارڈر کراس کرتے ہوئے ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دہشت گردوں کی بڑی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام کے قریب پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے ہونے والی دہشت گردوں کی دراندازی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔

سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 13 دہشت گرد، جن میں تین خودکش بمبار بھی شامل تھے ہلاک کر دیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی حسن خیل کے علاقے میں پاک افغان سرحد کے قریب ہوئی، جہاں مسلح دہشت گردوں کا ایک گروہ پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

بروقت خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں تین خودکش جیکٹس پہنے ہوئے تھے، جو پاکستان کے اندر بڑے حملوں کی منصوبہ بندی کا عندیہ دیتے ہیں۔ لاشوں کو شناخت اور مزید تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

حکام نے اس کارروائی کو سرحد پار دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان اپنی سرزمین کو کسی بھی بیرونی عناصر کے ہاتھوں غیر مستحکم نہیں ہونے دے گا، اور ایسی ہر کوشش کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ کارروائی اس عزم کی عکاس ہے کہ مسلح افواج ملک کے سرحدی علاقوں میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے مکمل طور پر مستعد ہیں۔

Scroll to Top