بھارت کے شہر اندور میں ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران دو آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ ہراسانی کا واقعہ پیش آیا۔
یہ واقعہ اس وقت ہوا جب آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دی تھی اور کھلاڑی کیفے کی جانب پیدل جا رہی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے کھلاڑیوں کا پیچھا کیا اور مبینہ طور پر نامناسب انداز میں انہیں چھوا جس کے بعد وہ فرار ہوگیا۔
آسٹریلین کھلاڑیوں نے فوراً ایس او ایس الرٹ بھیجا اور اپنی ٹیم کے سیکیورٹی منیجر ڈینی سمنز کو اطلاع دی۔
سیکیورٹی منیجر کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایم آئی جی تھانے میں مقدمہ درج کیا اور ملزم کو گرفتار کر لیا، اندور پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے بیان کے مطابق آسٹریلوی خواتین ٹیم کے دو اراکین کو کیفے جاتے ہوئے ایک موٹر سائیکل سوار نے نامناسب طریقے سے چھوا اور قریب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان، بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ سے دستبردار
اندور کے اضافی ڈپٹی کمشنر آف پولیس راجیش دندوتیا نے بتایا کہ ملزم نے خواتین کھلاڑیوں کا کچھ فاصلے تک پیچھا کیا اور بے ہودہ تبصرے کیے پھر اپنی موٹر سائیکل کے ذریعے قریب آ کر جسمانی رابطہ کیا۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کی گئی اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔





