قومی ائیرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پانچ سال بعد برطانیہ کے شہر مانچسٹر پہنچی جس پر اوورسیز پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
استقبال کے لیے پاکستانی کمیونٹی نے پرچم لے کر ایئرپورٹ کا رخ کیا، پاکستانی ہائی کمشنر اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے مسافروں اور عملے کا شاندار استقبال کیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے، ایئرپورٹ سے مسافروں کو الوداع کیا گیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے پر عائد پابندی سے حکومت کو بڑا نقصان ہوا لیکن اب قومی ایئرلائن کے معیار کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے اور پی آئی اے دوبارہ اپنے کھوئے ہوئے مقام کو حاصل کر رہی ہے۔
ابتدائی طور پر ہفتہ وار دو پروازیں منگل اور ہفتے کو چلائی جائیں گی جبکہ لندن اور برمنگھم کے لیے بھی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے بیان کے بعد پی آئی اے پر پروازوں کی پابندی عائد ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹورنٹو جانے والوں کے لیے خوشخبری: پی آئی اے کی پروازیں بحال
24 جون 2020 کو غلام سرور خان نے پائلٹس کی ڈگریوں کے حوالے سے قومی اسمبلی میں بیان دیا تھا جس کے بعد یکم جولائی 2020 کو برطانیہ نے پی آئی اے پر پابندی عائد کردی تھی۔





